اترپردیش اسمبلی انتخابات2022-:تنہاانتخابی میدان میں اترے گی کانگریس

کانگریس مضبوط ارادوں کے ساتھ ریاست کے سبھی 403اسمبلی حلقوں پر اپنے امیدوار اتارے گی

اترپردیش اسمبلی انتخابات2022-:تنہاانتخابی میدان میں اترے گی کانگریس

لکھنؤ: کانگریس نے آئندہ سال ہونے والے اترپردیش اسمبلی انتخابات میں تنہا انتخابی میدان میں اترنے کا اعلان کیا ہے ۔
پارٹی کے ریاستی صدر اجئے کمار للو نے بدھ کو یہاں میڈیا نمائندوں سے کہا کہ بی جے پی سمیت کچھ پارٹیاں گمراہ کررہی ہیں کہ کانگریس آنے والے اسمبلی انتخاب میں سماج وادی پارٹی(ایس پی)یا بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) کے ساتھ اتحادکرسکتی ہے ۔ یہ پوری طور سے افواہ ہے ۔
خبر رساں ادارے یو این آئی کی خبر کے مطابق، کانگریس مضبوط ارادوں کے ساتھ ریاست کے سبھی 403اسمبلی حلقوں پر اپنے امیدوار اتارے گی اور حکمراں جماعت بی جے پی کے میعاد کار میں بے روزگاری، مہنگائی، بدعنوانی، تین نئے زرعی قوانین کے ذریعہ کسانوں کا استحصال سمیت دیگر عوام مخالف ایجنڈوں کے ساتھ عوامکے سامنے جائے گی اور اگلی حکومت بنانے کا آشیرواد حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 32سالوں کے دوران ریاست کے اقتدار پر قابض رہی ایس پی، بی ایس پی اور بی جے پی نے اپنی پالیسیوں سے اس ریاست کو بدحال کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ۔ کارخانوںمیں تالے پڑے ہیں۔ کاروبار بند ہیں۔ نوجوان نوکری کے لئے ریاست سے نقل مکانی کو مجبور ہیں۔ کسانوں کی آمدنی دونگی ہونے کے بجائے آدھی سے بھی کم ہوگئی ہے ۔ قرض کے دلدل میں پھنسے کسان خودکشی کرنے کو مجبور ہیں۔ ریاست میں نظم ونسق کا براحال ہے۔ خواتین کا سڑک پر اکیلے نکلنامشکل ہے ۔
مسٹر للو نے دعوی کیا کہ مفاد عامہ کے مسائل پر سڑک سے لے کر ایوان تک جدوجہد کرنے والے کانگریس کے تئیں عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس کو دیکھتے ہوئے پارٹی نے چھوٹی پارٹیوں سے اتحاک کے اپنے ارادے کو ترک کے تنہا ہی انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس دفعہ اسمبلی انتخابات کے نتائج غیر متوقع ہونگے اور کانگریس ریاست میں 1989 کے بعد دوبارہ حکومت بنانے میں کامیاب ہوگی۔