انمکت چند نے پھر امریکہ میں دھماکہ خیز اننگ کھیلی

میرا وطن نیوز

انمکت چند نے پھر امریکہ میں دھماکہ خیز اننگ کھیلی

نئی دہلی:ہندوستان کی انڈر۔ 19 ٹیم کے سابق کپتان انمکت چند کے بلے سے امریکہ میں رنوں کی خوب بارش ہو رہی ہے۔ 28 سال کی عمر میں ہندوستانی کرکٹ کو الوداع کہنے والے انمکت اس وقت امریکہ میں مائنر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھیل ر ہے ہیں۔ سلیکون ویلی اسٹرائیکر کے لیے کھیلنے والے انمکت نے شکاگو بلاسٹرس کے خلاف 90 رن کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی۔ انمکت نے 63 گیندوں پر 90 رن کی یہ تیز اننگز کھیلی۔انملت چند نے اپنی اننگ کی ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی ہے۔ اس ویڈیو میں ، انمکت چند پورے میدان میں شاٹس کھیلتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ انمکت نے 90 رن کی جارحانہ اننگ میں 3 چھکے اور 10 چوکے لگائے۔ پہلےبلے بازی کرتے ہوئے شکاگو بلاسٹرس نے 20 اوور میں 6 وکٹوں پر 168 رن بنائے۔ اس کے بعد سلیکون ویلی اسٹرائیکر نے انمکت کے 90 رنوں کی بدولت 18.1 اوور میں میچ جیت لیا۔انمکت اور نرسنگھ دیونارائن نے دوسری وکٹ کے لیے 128 رن کی شراکت کی۔ دیونارائن نے 30 گیندوں پر 51 رن بنائے۔

 انمکت چند کو ان کی شاندار اننگ کے لئے میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ لیگ کا آغاز ان کے لیے خاص نہیں تھا اور وہ اپنے پہلے میچ میں کھاتہ بھی نہیں کھول سکے تھے۔ انمکت چند نے مائنر کرکٹ لیگ میں اب تک 8 میچ کھیل کر 304 رن بنائے ہیں جس میں 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔