انجیلا میرکل عالمی رہنماوں کی ریٹنگ میں سرفہرست

میرا وطن نیوز

انجیلا میرکل عالمی رہنماوں کی ریٹنگ میں سرفہرست

واشنگٹن:واشنگٹن میں واقع بین الاقوامی تھنک ٹینک پیو(PEW) ریسرچ سینٹر کی جانب سے بدھ کے روز شائع کردہ ایک نئے سروے کے مطابق رخصت پذیر جرمن چانسلر انجیلا میرکل کو جرمنی کے باہر بھی دنیا کے دیگر ملکوں میں نیک نامی حاصل ہے اور وہ جو بائیڈن، ولادیمیر پوٹن، شی جن پنگ یا ایمانوئل میکروں جیسے دیگر عالمی رہنماوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ قابل اعتماد سمجھی جاتی ہیں۔
امریکی تھنک ٹینک پیو ریسرچ سینٹر رائے شماری، آبادی کے حوالے سے تحقیق اور مواد کے تجزیے وغیرہ کام کرتا ہے۔ اس نے اپنے تازہ ترین سروے میں 16 ترقی یافتہ معیشتوں میں عالمی رہنماوں کے حوالے سے رائے شماری کرائی تھی۔اس رائے شماری میں عوام نے جرمن چانسلر پر امریکا، روس، چین اور فرانس کے رہنماوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ اعتماد کا اظہار کیا۔سروے میں حصہ لینے والے 77 فیصد افراد نے بین الاقوامی امور کے حوالے سے جرمن چانسلر انجیلا میرکل کے فیصلوں کی تائید کی۔ تاہم یونانیوں کی رائے اس کے برخلاف تھی۔ یونان میں سروے میں حصہ لینے والوں میں سے صرف 30 فیصد نے اعتماد کا اظہارکیا اور کہا کہ میرکل کے فیصلے درست تھے۔خیال رہے کہ یورو زون کے قرض کے بحران کی وجہ سے یونان اور جرمن حکومتوں کے درمیان تصادم کی صورت حال رہی ہے۔ ایک دہائی سے زیادہ عرصے قبل پیش آنے والے اس بحران نے یونان کی معیشت کو مفلوج کر دیا تھا۔جرمن رہنما انجیلا میرکل کے چانسلر کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد سے ہی جرمنوں کے درمیان سب سے زیادہ اعتماد کی شرح حاصل رہی ہے۔ ان کی چانسلر شپ کی پوری مدت کے دوران دو تہائی سے زیادہ عوام نے ان پر بھروسے کا اظہار کیا ہے۔